کرپٹوکرنسی (cryptocurrency)

 درد دل



cryptocurrency



محمد اویس پراچہ
==================
جانے فیس بک اسے برداشت کرے یا نہ کرے، لیکن ایک بات سمجھنے کی ہے۔ دنیا اس وقت ڈالر کے شکنجے میں ہے، ڈالر کی محتاج۔ دنیا کے سونے کا سب سے بڑا ذخیرہ اس وقت صاحب بہادر امریکہ کے پاس ہے۔ تیل اور اسلحہ بھی اکثر اسی کا ہے اور سیاست تو ہے ہی اس کے گھر کی لونڈی۔ یوں وہ جب چاہے کسی پر کسی بھی بہانے سے پابندی لگا دیتا ہے۔
ایسے میں بٹ کوائین ایک ایسی چیز ہے جو ٹیکنیکلی ناقابل شکست ہے۔ یہ قیمت بھی رکھتی ہے اور بآسانی کنٹرول بھی نہیں ہو سکتی۔ لیکن کب تک؟ وہ اس پر بھی دو جانب سے محنت کر رہے ہیں۔ ایک جانب وہ ہر اس چیز کو قانوناً ختم کر رہے ہیں جو ان کے کنٹرول سے بالکل باہر ہو رہی ہو جیسے "مونیرو" اور "ٹورناڈو کیش"، اور دوسری جانب وہ بٹ کوائین جمع کر رہے ہیں۔ چنانچہ دنیا کا سب سے بڑا مائننگ پول "یو ایس اے فاؤنڈری" ہے جس کی مائننگ پاور اکیاون ہزار ٹیرا ہرٹز کے قریب ہے۔ کچھ امریکی ریاستیں مائننگ کا ہب بنتی جا رہی ہیں۔
یہ چیز تو مبہم ہے کہ بٹ کوائین امریکہ کی ایجاد کردہ ہے یا نہیں؟ لیکن یہ واضح ہے کہ ڈالر کی حکومت اسی کے ماتحت ہے۔ سونے اور چاندی کے درہم و دینار اب بنا نہیں سکتے کیوں کہ اول تو سونا ہے ہی ان کے پاس اور دوم ان کی ٹرانزیکشن آن لائن ممکن نہیں ہے تو رفتار کا بہت بڑا مسئلہ ہے۔ لے دے کر اس وقت ہمارے پاس کرپٹو ہی رہ جاتی ہے۔ جہاں ایک یقینی برائی کے مقابلے میں احتمالی برائی ہو تو ہم کسے اختیار کریں گے؟
ایک اشکال یہ ہے کہ اس کی ٹیکنالوجی کی سمجھ نہیں ہے اور موجودہ معاشی سسٹم کے ساتھ یہ چل نہیں سکتی۔ تو اس کا حل یہ ہے کہ ہم ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر بیٹھ جائیں یا یہ کہ ہم اسے سمجھیں اور نیا نظام تشکیل دیں؟ لیکن نہیں! ہم تو ٹھہرے غلام! وہ نظام بنا کر جب دیں گے اور کہیں گے تو ہم نافذ کر دیں گے۔
میں اس عالمی معاشی استحصال کو سمجھتا ہوں اور اتفاقاً زیادہ جذباتی بھی نہیں ہوں۔ لہذا میں ڈالر کے مقابلے میں ہر اس صف میں کھڑا ہوں گا جہاں دس فیصد بھی تبدیلی کا امکان نظر آئے گا۔ آپ لوگ لڑتے رہیں کہ اس پر قانون کیا بنانا ہے اور نقصان ہوگا کہ نہیں ہوگا؟
مجھے آپ کے قانون سے کوئی فائدہ نہیں ہے۔ مجھے کوئی بھی اس پر کچھ نہیں دیتا نہ کسی کو دینے کی ضرورت ہے۔ اگر میرے پاس بٹ کوائین ہوں اور آپ اسے جائز کہیں تو مجھے کیا ملے گا؟ یا اگر غیر قانونی کہیں تو میرا کیا نقصان ہے؟ یا آپ کے غیر قانونی کہنے سے دنیا میں کسی اور کا کیا نقصان ہے جو وہ مجھے پیسے دے رہا ہے؟ یہ میرا درد دل ہے۔ میرا کام صدا لگانا ہے اور وہ میں لگائے جاؤں گا۔
مجھے یہ کہتے چار سال تو ہو گئے! صورت حال میری آنکھوں کے سامنے بدل رہی ہے۔ کاش کہ کوئی وقت پر یہ سمجھ لے! 😔

Post a Comment

Previous Post Next Post