ریکی (حصہ اول)

 ریکی (حصہ اول)

ایک منفرد طریقہ علاج

محمد اویس پراچہ

==================

what is reiki




"ریکی" کیا ہے؟ یہ جاپان سے اٹھنے والا اور مغرب میں پھیلنے والا ایک منفرد طریقہ علاج ہے۔ میں نے اس کے بارے میں پہلی بار آج سے کوئی آٹھ نو سال پہلے پڑھا تھا۔ اس وقت زیادہ تفصیلات میسر نہیں ہوئی تھیں تو چھوڑ دیا۔ کچھ روز قبل اسے پھر سے پڑھنا شروع کیا جس کی وجہ بعد میں ان شاء اللہ۔ ابھی سر دست میں اس کی وہ تفصیلات لکھ رہا ہوں جو مختلف کتابوں اور ماہرین سے حاصل ہوتی ہیں۔ یاد رہے یہ کوئی جواز کا فتوی یا کام کرنے پر ابھارنا نہیں ہے۔
بقول ریکی والوں کے، ہماری دنیا میں ہمارے ارد گرد ہر وقت ایک انرجی یا توانائی موجود ہوتی ہے۔ یہی توانائی ہمارے جسموں میں بھی پائی جاتی ہےاور ہمارے اندر سات مختلف حصے اس توانائی کو اسٹور کرتے ہیں۔ ان حصوں کو "چکرے" کہا جاتا ہے (یہ تصور دنیا کی متفرق قدیم تہذیبوں میں ملتا ہے)۔ جب ہمارے جسم میں اس توانائی کا بیلنس بگڑتا ہے تو ہم بیمار ہو جاتے ہیں۔ اسی طرح اگر ہمارے جسم میں موجود توانائی منفی طور پر زیادہ چارج ہو جائے تو بھی ہم بیمار ہو جاتے ہیں۔
اس کا حل یہ ہے کہ جسم میں مثبت انرجی کو بڑھایا جائے۔ یہ انرجی جسم کے خود کو ٹھیک کرنے کے عمل کو مناسب ماحول دیتی ہے اور یوں جسم بیماری سے لڑ کر تندرستی کی جانب آ جاتا ہے ( ماحول کا تقریباً یہی تصور طب یونانی میں بھی ہے)۔ انسان اپنی ذہنی قوت سے اس انرجی کو متحرک کر سکتا ہے۔ انرجی کی اس تحریک کا تصور مسمرائزم میں بھی پایا جاتا ہے لیکن اس میں سامنے والے کو مسحور کیا جاتا ہے۔
ریکی میں انرجی کا اخراج عموماً ہاتھوں سے کیا جاتا ہے۔ ریکی ماسٹر اپنے ہاتھ مریض کے جسم سے ذرا اوپر یا جسم پر رکھتا ہے اور اسے انرجی فراہم کرتا ہے۔ یہ انرجی ریکی ماسٹر کی اپنی نہیں ہوتی بلکہ اس کے ارد گرد پھیلی انرجی اس کے جسم سے گزر کر اس کے ہاتھوں سے آگے منتقل ہوتی ہے۔ یہ انرجی مریض کے جسم میں مثبت توانائی کو بڑھاتی ہے اور منفی توانائی کو کم کرتی ہے جس سے مریض بہتر ہونے لگتا ہے۔
چونکہ یہ توانائی ذہنی قوت سے حرکت کرتی ہے اس لیے اس کے لیے ذہن کا مرتکز (فوکس) ہونا ضروری ہوتا ہے۔ اس ارتکاز کے لیے مراقبہ بھی کیا جاتا ہے اور کچھ علامات یا سمبل بھی استعمال ہوتے ہیں۔ ریکی کا ماہر جب یہ سمبل بناتا ہے تواس کا ذہن اس سے جڑے مفہوم پر مرتکز ہو جاتا ہے جس کے نتیجے میں توانائی اس کے مقصد کے مطابق اثر کرتی ہے۔ ریکی میں یہ مقصد صرف ہیلنگ (علاج) سے ہی متعلق ہوتا ہے۔ یہ علامات قدیم جاپانی الفاظ ہیں جن کے حقیقی معنی بہت مجہول ہیں۔ انہیں ریکی میں مختلف معانی (جیسے پاور، پروٹیکشن، ایموشن وغیرہ) میں استعمال کیا جاتا ہے۔
ریکی میں ایک اہم ترین چیز "ایٹونمنٹ" ہوتی ہے۔ اس میں ریکی کا کوئی ماسٹر اپنے اسٹوڈنٹ کے جسم سے پریشر کے ساتھ توانائی گزارتا ہے۔ اس سے اس کی توانائی کے بلاکس دور ہو جاتے ہیں اور جسم انرجی گزارنے کے عمل سے آشنا ہو جاتا ہے۔ اس کے بعد اسٹوڈنٹ کسی کو ریکی کے ذریعے ہیل کر سکتا ہے۔ ایٹونمنٹ نہ لی جائے تو بھی مسلسل محنت اور پریکٹس سے یہ چیز حاصل کی جا سکتی ہے لیکن طویل راستہ ہوتا ہے۔ یہ ایٹونمنٹ تین لیول کی ہوتی ہے: پہلے لیول میں صرف ہاتھوں سے ہیل کرنے کی مہارت حاصل کی جاتی ہے، دوسرے میں سمبل کا استعمال اور فاصلے سے ہیلنگ کی صلاحیت ہوتی ہے اور تیسرے میں دوسرے کو ایٹونمنٹ دینے کی صلاحیت حاصل کی جاتی ہے۔
مندرجہ بالا تفصیل (جو ہمیں ریکی پریکٹیشنرز کے یہاں ملتی ہے) کی رو سےیہ ایک مفید طریقہ علاج ہے۔ لیکن کیا اس عمل کی کوئی سائنسی یا عقلی بنیادیں ہیں؟ اس کا اثر کتنا ہوتا ہے؟ کون سا سمبل کیا کرتا ہے اور شرعی لحاظ سے ہم اسے کیا سمجھ سکتے ہیں؟ ان سوالات پر ان شاء اللہ اگلے حصوں میں گفتگو کرتے ہیں۔
#ریکی_ہیلنگ
#متفرق_خیالات

Post a Comment

Previous Post Next Post